راولپنڈی: ایم این اے طاہرہ اورنگزیب صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات صہیب احمد بھرت اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے راجہ بازار میں محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کے روٹس کا دورہ کیا اور سکیورٹی، صفائی ستھرائی ٹریفک مینجمنٹ سبیلوں ریلیف کیمپوں اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا،اس موقع پر پولیس، ضلعی انتظامیہ ریسکیو راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے، دورے کے دوران پولیس حکام نے محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لیے وضع کیے گئے سکیورٹی پلان پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جلوسوں کے روٹس پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ سیف سٹی کیمروں، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور اضافی نفری کی تعیناتی کے ذریعے نگرانی کے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں،انہوں نے جلوس کے روٹس پر صفائی ستھرائی کے انتظامات، نکاسی آب اسٹریٹ لائٹس کی فعالیت، سبیلوں اور عزاداروں کے لیے قائم ریلیف کیمپوں کا بھی معائنہ کیا۔ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام نے محرم الحرام کے دوران صفائی کے خصوصی پلان، اضافی عملے کی تعیناتی اور جلوسوں کے بعد فوری صفائی کے اقدامات سے آگاہ کیا،ایم این اے طاہرہ اورنگزیب نے ہدایت کی کہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور تمام متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب محرم الحرام کے پرامن اور منظم انعقاد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔صوبائی وزیر صہیب احمد بھرت نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس پر انفراسٹرکچر، سڑکوں اور دیگر سہولیات کی بہتری کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تمام انتظامات کو بروقت مکمل کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور تمام سروس ڈیلیوری ادارے چوبیس گھنٹے متحرک ہیں۔ عزاداروں کیلئے بہترین انتظامات اور بروقت سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔



