اسلام آباد (پی پی اے)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جنوبی کوریا کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے چوتھے اور آخری مقابلے کے لیے اہم حکمتِ عملی کے تحت پاکستان انڈر 21 قومی ہاکی ٹیم کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان سینئر ہاکی ٹیم جنوبی کوریا کے خلاف سیریز میں 0-3 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرکے پہلے ہی سیریز اپنے نام کر چکی ہے۔ اسی تناظر میں ٹیم مینجمنٹ نے نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے پاکستان انڈر 21 ٹیم حال ہی میں عمان کے کامیاب دورے سے وطن واپس آئی ہے، جہاں اس نے میزبان ٹیم کو تین میچوں کی سیریز میں 0-3 سے وائٹ واش کیا۔ فیڈریشن کا کہنا ہے کہ جنوبی کوریا جیسی مضبوط اور تجربہ کار ٹیم کے خلاف نوجوان کھلاڑیوں کو آزمانے کا مقصد ان کی فنی صلاحیتوں کا جائزہ لینا، انہیں بین الاقوامی تجربہ فراہم کرنا اور مستقبل کے بڑے ایونٹس کے لیے تیار کرنا ہے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ہاکی شائقین کو دعوت دی ہے کہ وہ آج بروز جمعۃ المبارک شام 5:15 بجے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم، پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد پہنچ کر نوجوان قومی کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں۔ فیڈریشن کے مطابق میچ تمام شائقین کے لیے بلا معاوضہ (اوپن ٹو پبلک) ہوگا



