اسلام آباد(پی پی اے) پاکستان قومی ہاکی ٹیم آج ہفتہ یکم اگست 2026ء کو اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں جنوبی کوریا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں اپنی فتح کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے پر امید ہے . باقی ٹیسٹ میچز 4 اگست اور 7 اگست 2026 کو کھیلے جائیں گے۔ ٹیسٹ میچز کا مقصد 2026 ورلڈ کپ کے لیے ٹاپ 10 رینکنگ میں واپسی ہے یہ چار میچوں پر مشتمل سیریز اگلے ورلڈ کپ 2026ء سے قبل قومی کھلاڑیوں کا مورال اور اعتماد بلند کرنے کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔پاکستان کو سیریز میں پہلے ہی 1-0 کی برتری حاصل ہے جہاں گرین شرٹس نے پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی کوریا کو 3-1 سے شکست دی تھی پہلے میچ میں سفیان خان نے دو پنالٹی کارنرز کو گول میں تبدیل کیا جبکہ کپتان ابو بکر محمود نے بہترین فیلڈ گول داغ کر ٹیم کی فتح کو یقینی بنایا۔ دوسری جانب جنوبی کوریا کی ٹیم اپنے تجربے اور مضبوط دفاع کی بدولت سیریز برابر کرنے کے لیے سرتوڑ کوشش کرے گی یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 5:15 بجے شروع ہوگا اور فیڈرل کیپیٹل میں دو دہائیوں سے زائد عرصے کے بعد بین الاقوامی ہاکی کی واپسی پر شائقینِ کھیل میں شدید جوش و خروش پایا جا رہا ہے پاکستان ہاکی فیڈریشن (PHF) نے عوام کی حوصلہ افزائی کے لیے اسٹیڈیم میں داخلہ بالکل مفت رکھا ہے تاکہ نوجوان ٹیم کو بھرپور عوامی سپورٹ مل سکے



