اسلام آباد (پی پی اے) بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ اور مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی سالگرہ جمعہ 31 جولائی کو ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی محترمہ فاطمہ جناح 31 جولائی 1893ء کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے تحریکِ آزادی اور تحریکِ پاکستان میں قائداعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ نمایاں کردار ادا کیا جس کے اعتراف میں انہیں مادرِ ملت کا خطاب دیا گیا مادرِ ملت نے اپنے عزم جرات اور کردار کی مضبوطی سے برصغیر کی تاریخ پر گہرے نقوش چھوڑے وہ تحریکِ پاکستان کے دوران قائداعظم کی مضبوط ترین ساتھی ثابت ہوئیں اور قوم کو اتحاد، تنظیم اور جدوجہد کا عملی درس دیا انہوں نے 1919ء میں کلکتہ یونیورسٹی سے ڈینٹل سرجری کی ڈگری حاصل کی اور اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کے ساتھ ساتھ تحریکِ آزادی میں بھرپور حصہ لیا۔ ان کی جدوجہد اور خدمات برصغیر کی مسلمان خواتین کے لیے مشعلِ راہ بنیں جبکہ انہوں نے خواتین میں سیاسی اور سماجی شعور بیدار کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا قیامِ پاکستان کے بعد محترمہ فاطمہ جناح نے ویمنز ریلیف کمیٹی قائم کر کے مہاجرین کی بحالی اور ملک کی تعمیرِ نو میں نمایاں خدمات انجام دیں ان کی قومی خدمات ایثار اور قربانیاں آج بھی پاکستانی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی سالگرہ کے موقع پر مختلف تقریبات اور دعائیہ اجتماعات کا انعقاد کیا گیا، جن میں ان کی قومی خدمات اور تحریکِ پاکستان میں تاریخی کردار پر بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا



