جدہ(محمد اکرم اسد) سعودی عرب میں پیدا ہونے والے معروف کاروباری شخصیت اور سرمایہ کار محمد عامر خان کو حال ہی میں اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) اور وزیراعظم پاکستان کے دفتر کی جانب سے اعزازی سرمایہ کاری مشیر (Honorary Investment Counselor – HIC) مقرر کیا گیا ہے اس تقرری کے بعد وہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سرمایہ کاری تجارت کھیل افرادی قوت کی ترقی صحت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔محمد عامر خان نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کرکٹ کے شعبے میں تاریخی پیش رفت میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم معاہدہ طے پایا جس کے تحت پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) جدہ میں عالمی معیار کا جدید کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرے گا یہ منصوبہ نہ صرف سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کا ذریعہ بنے گا بلکہ دونوں برادر ممالک کے درمیان کھیلوں کے تعلقات کو بھی نئی جہت دے گا افرادی قوت کی ترقی کے شعبے میں بھی محمد عامر خان کی خدمات قابلِ ذکر ہیں۔ وہ سعودی عرب کی معروف کمپنیوں جن میں نیسما (Nesma) سعودی بن لادن گروپ (Saudi Binladin Group) ساماسکو (SAMASCO) اور دیگر بڑے ادارے شامل ہیں، کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ پاکستانی ہنر مند اور پیشہ ور افرادی قوت کے لیے روزگار کے مواقع میں اضافہ کیا جاسکے ان کی کاوشوں کا مقصد سعودی عرب کے مختلف شعبوں میں پاکستانی کارکنوں کو ترجیح دلوانا اور ہر سطح پر ورک ویزوں کی تعداد میں اضافہ ممکن بنانا ہے صحت اور طبی تعلیم کے شعبے میں بھی محمد عامر خان کی کوششوں سے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ان کی معاونت سے الحیات نیشنل ہاسپیٹلز گروپ (Al Hayat National Hospitals Group) اور پاکستان کے خیبر میڈیکل کالج کے درمیان ایک مفاہمتی معاہدہ طے پایا جس کے تحت سعودی عرب کے شہر ابہا اور اس کے ملحقہ علاقوں میں پانچ جدید پیرا میڈیکل کالجز قائم کیے جائیں گے۔ ان اداروں کی تعمیر اور انتظام الحیات نیشنل ہاسپیٹلز گروپ کرے گا، جبکہ تعلیمی اور پیشہ ورانہ تعاون خیبر میڈیکل کالج فراہم کرے گا اس منصوبے سے نہ صرف سعودی عرب میں طبی تعلیم کو فروغ ملے گا بلکہ پاکستانی طبی ماہرین اساتذہ اور طلبہ کے لیے بھی نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ امید ہے محمد عامر خان کی یہ کاوشیں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی، تعلیمی اور سماجی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ ان منصوبوں سے سرمایہ کاری، روزگار، کھیل اور صحت کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو نئی رفتار ملنے کی توقع ہے، جو مستقبل میں باہمی شراکت داری کے مزید مواقع پیدا کرے گی



