جدہ (محمد اکرم اسد) پاکستان روئیت ھلال کمیٹی کے چیئرمین و امام و خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ اسوقت امتِ مسلمہ کے اتحاد مختلف مکاتبِ فکر میں ہم آہنگی پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور دینِ اسلام کی خدمت کی ضرورت ہے انہوں نے رسولِ اکرم ﷺ کے خطبۂ حجۃ الوداع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کسی عربی کو عجمی پر، کسی عجمی کو عربی پر کسی گورے کو کالے پر اور کسی کالے کو گورے پر کوئی فضیلت نہیں، فضیلت کا معیار صرف تقویٰ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج امتِ مسلمہ کو قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اتحاد اعتدال رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا۔ وہ یہاں جدہ کے معروف بزنس مین سماجی شخصیت اور آرائیں برادری کے ممتاز رہنما چوہدری عبدالوحید کی جانب سے جدہ کے ایک معروف ریسٹورنٹ میں اپنے اور عمرہ کی سعادت کے لیے سعودی عرب آنے والی ممتاز شخصیات جن میں لاہور پاکستان کی معروف آرکیٹکچر انجنئرنگ فرم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر چوہدری فاروق جاوید اور ڈوگر موٹرز کے شہزاد ڈوگر کے اعزاز میں ایک پروقار اور پرتکلف عشائیے سے خطاب کر رہے تھے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری فاروق جاوید نے کہا کہ رسولِ اکرم ﷺ خاتم النبیین ہیں اور آپ ﷺ کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا انہوں نے کہا کہ علماء کرام انبیاء کے وارث ہیں اور دینِ اسلام کی دعوت و تبلیغ کی ذمہ داری انہی کے ذریعے امت تک منتقل ہوئی ہے تاہم ہر مسلمان پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی استطاعت کے مطابق اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کا پیغام محبت، حکمت اور حسنِ اخلاق کے ساتھ دوسروں تک پہنچائے، اور یہ مبارک سلسلہ قیامت تک جاری رہے گا انہوں نے سورۂ حجرات کے مفہوم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مختلف قوموں اور قبیلوں کو ایک دوسرے کی پہچان محبت خیرخواہی اور باہمی تعاون کے لیے بنایا ہے نہ کہ برتری اور تعصب کے لیے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک عزت و فضیلت کا اصل معیار تقویٰ ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دنیا کی زندگی عارضی جبکہ آخرت کی زندگی دائمی ہے، اس لیے ہمیں اللہ تعالیٰ کی رضا شکرگزاری بڑوں کے احترام، چھوٹوں سے محبت اور علماء کرام کی صحبت کو اپنی زندگی کا حصہ بنا کر ایک بہترین اسلامی معاشرہ تشکیل دینا چاہیے تقریب کی نظامت کے فرائض ممتاز صحافی چوہدری نورالحسن گجر نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے جبکہ تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت قاری محمد آصف نے حاصل کی تقریب سے پاکستان بزنس فورم کے سکریٹری جنرل عبدالخالق لک، شہزاد ڈوگر، چوہدری محمد اکرم گجر، میاں رضوان الحق، نے بھی خطاب کیا تقریب میں چوہدری فاروق انجم، چوہدری آصف نور آرائیں چوہدری خالد رشید چوہدری ارشد، جمیل سدھو طلحہ شاہد فہد شریف چوہدری ذوالفقار آرائیں ملک علی خورشید عمر مسعود احمد پوری اور محمد خلیل سمیت سعودی عرب کی بزنس کمیونٹی مختلف سماجی فلاحی اور سیاسی تنظیموں کے عہدیداران نے بھرپور نمائندگی کی میڈیا کی جانب سے سینئر صحافی اکرم اسد سمیت متعدد صحافیوں اور ذرائع ابلاغ سے وابستہ شخصیات نے بھی شرکت کی آخر میں میزبان چوہدری عبدالوحید نے تمام مہمانوں کا فرداً فرداً تعارف کرایا ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسی محافل دیارِ غیر میں مقیم پاکستانیوں کے درمیان محبت اخوت اور باہمی روابط کو مزید مستحکم کرنے کا ذریعہ بنتی ہیں تقریب کے اختتام پر مولانا عبدالخبیر آزاد نے مرحوم انجینئر شہباز سمیت تمام مرحومین کی مغفرت درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرائی انہوں نے پاکستان، سعودی عرب اور پوری امتِ مسلمہ کے اتحاد امن استحکام اور خوشحالی کے لیے بھی خصوصی دعا کی



