اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پوری پاکستانی قوم کے لیے خوشی کا دن ہے کیونکہ پاکستان کا مثبت تشخص دنیا بھر میں اجاگر ہوا ہے اور عالمی برادری ملکی قیادت کے کردار کو سراہ رہی ہے حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ راولپنڈی ٹائیگرز کے قیام کا خواب بھی حقیقت کے قریب پہنچ چکا ہے انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی ٹائیگرز کے لیے 10 ہزار سے زائد نوجوان کھلاڑی رجسٹریشن کرا چکے ہیں تاہم علی خاندان کی شہادت کے باعث ٹرائلز مؤخر کرنا پڑے تھے وفاقی وزیر نے کہا کہ لاہور قلندرز اور راولپنڈی ٹائیگرز کے اشتراک سے نوجوانوں کو بہترین مواقع فراہم کیے جائیں گے اور ان کی اولین ترجیح نوجوانوں کو موبائل فون اور گھروں سے نکال کر کھیلوں کے میدانوں تک لانا ہے انہوں نے کہا کہ ماضی میں یونین کونسل سطح پر میرٹ کی بنیاد پر کرکٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں جبکہ اسکولوں اور کالجوں میں کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی عملی اقدامات کیے گئے تھے انہوں نے ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس نظام نے پاکستان کو بے شمار عالمی معیار کے کھلاڑی فراہم کیے۔ حنیف عباسی نے لاہور قلندرز کی ٹیلنٹ ہنٹنگ مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس پلیٹ فارم نے ملک بھر سے نوجوان کرکٹرز کو تلاش کرکے قومی سطح پر متعارف کرانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے انہوں نے اعلان کیا کہ راولپنڈی میں ٹرائلز کل صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہیں گے، جن کے بعد 20 بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا منتخب نوجوانوں کو باقاعدہ تربیت کوچنگ اور پیشہ ورانہ رہنمائی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکیں حنیف عباسی نے کہا کہ کھیل میں جیت اور ہار دونوں زندگی کا حصہ ہیں اصل کامیابی مستقل مزاجی اور محنت میں ہے انہوں نے یونس خان کو پاکستان کرکٹ کا عظیم سرمایہ اور نوجوانوں کے لیے رول ماڈل قرار دیا جبکہ عاطف رانا کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا انہوں نے مزید کہا کہ جون کے بعد پاکستان ریلوے کی کارکردگی کے حوالے سے عوام کو ایک بڑا سرپرائز دیا جائے گا ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی ٹائیگرز نوجوان کرکٹرز کے لیے نئے دروازے کھولے گا میرٹ کے فروغ کو یقینی بنائے گا اور پاکستان میں کرکٹ کے فروغ اور ٹیلنٹ ہنٹنگ کے لیے مزید بڑے منصوبے بھی متعارف کرائے جائیں گے



