اسلام آباد : وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان نے کہا ہے کہ حج 2027ء کی لازمی رجسٹریشن مہم کے پہلے دو روز میں رجسٹرڈ عازمین کی تعداد 51 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ترجمان کے مطابق آن لائن پورٹل کے ذریعے 46 ہزار افراد نے گھر بیٹھے اپنی رجسٹریشن مکمل کی جبکہ پاک حج موبائل ایپ کے ذریعے مزید 5 ہزار افراد نے اندراج کروایا اعداد و شمار کے مطابق 41 ہزار افراد نے سرکاری حج اسکیم جبکہ 10 ہزار افراد نے نجی حج اسکیم کا انتخاب کیا ترجمان نے بتایا کہ پنجاب سے 24 ہزار، سندھ سے 16 ہزار، خیبر پختونخوا سے 7 ہزار، اسلام آباد سے 3 ہزار افراد رجسٹرڈ ہوئے جبکہ بلوچستان سے 800 آزاد کشمیر سے 260 اور گلگت بلتستان سے 77 عازمین نے رجسٹریشن کرائی رجسٹرڈ عازمین میں 30 ہزار مرد اور 21 ہزار خواتین شامل ہیں جبکہ 30 سے 48 سال عمر کے افراد کی تعداد نمایاں رہی ترجمان نے بتایا کہ نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے حج آپریشن کو مکمل طور پر پیپر لیس اور جدید ڈیجیٹل نظام کے تحت چلایا جا رہا ہے ان کا کہنا تھا کہ حج 2027ء کی لازمی رجسٹریشن بلا تعطل جاری رہے گی جبکہ حج اخراجات اور دیگر تفصیلات دوسرے مرحلے میں جاری کی جائیں گی واضح رہے کہ حج 2027ء کے لیے رجسٹریشن کی کوئی فیس مقرر نہیں کی گئی اور عازمین گھر بیٹھے آن لائن پورٹل یا موبائل ایپ کے ذریعے اپنی رجسٹریشن مکمل کر سکتے ہیں



