مسقط: پاکستان نے مردوں کی ایشین ہاکی فائیوز چیمپئن شپ 2026 میں شاندار کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے بنگلہ دیش کے خلاف 2-2 سے سنسنی خیز مقابلہ برابر کھیل کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ اس کامیابی کے ساتھ قومی ٹیم نے مصر میں ہونے والے ایف آئی ایچ ہاکی فائیوز انڈر 18 ورلڈ کپ 2026 کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا مسقط میں کھیلے گئے دلچسپ مقابلے میں دونوں ٹیموں نے ابتدا سے اختتام تک جارحانہ کھیل پیش کیا اور متعدد مواقع پیدا کیے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں نے شاندار مہارت اور فائٹنگ اسپرٹ کا مظاہرہ کیا تاہم مقررہ وقت کے اختتام پر اسکور 2-2 رہا۔اس نتیجے کے بعد پاکستان نے ایلیٹ پول میں مطلوبہ پوزیشن حاصل کرتے ہوئے نہ صرف ایشین ہاکی فائیوز چیمپئن شپ کے فائنل میں رسائی حاصل کی بلکہ عالمی کپ میں بھی اپنی جگہ یقینی بنا لی، جسے قومی ہاکی کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے قومی ٹیم اب 25 جولائی کو روایتی حریف بھارت کے خلاف فائنل میں ایشین چیمپئن بننے کے لیے میدان میں اترے گی۔ اس سے قبل دونوں ٹیمیں آج بھی ایونٹ کے ایک اور اہم میچ میں آمنے سامنے ہوں گی، جس کے باعث شائقین ہاکی کی نظریں پاکستان اور بھارت کے دلچسپ مقابلوں پر مرکوز ہیں۔



