نوید احمد خان سے
اسلام آباد: نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی) اور چین کی سن شائن انرجی ٹیکنالوجی نے پاکستان میں ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر (ڈی پی آئی) کی ترقی کے لیے تعاون کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے ہیں۔ یہ شراکت داری مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور بگ ڈیٹا اینالیٹکس کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر قابلِ توسیع، محفوظ اور شہریوں پر مرکوز ڈیجیٹل حل تیار کرے گی۔
ایم او یو پر دستخط کی تقریب این ٹی سی ہیڈکوارٹر، اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ ایم او یو پر وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن محترمہ شزا فاطمہ خواجہ، مینیجنگ ڈائریکٹر این ٹی سی میجر جنرل (ریٹائرڈ) علی فرحان ہلال امتیاز (ملٹری)، سن شائن انرجی کے چیف آپریٹنگ آفیسر مسٹر یو شاؤننگ، اور کمپنی ڈائریکٹر مسٹر پینگ فوگوی کی موجودگی میں دستخط کیے گئے۔ اس موقع پر این ٹی سی کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔
معاہدے کے تحت دونوں ادارے باہمی اشتراک کے قابل ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، ڈیٹا کے تبادلے اور مصنوعی ذہانت پر مبنی عوامی خدمات کے فریم ورک پر مل کر کام کریں گے، جس کا مقصد ملک بھر میں حکمرانی، سروس ڈیلیوری اور ڈیجیٹل شمولیت کو بہتر بنانا ہے۔
وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے آئی ٹی اور ڈیجیٹل تبدیلی کے حوالے سے حکومت کی پالیسی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم کا ای-گورنمنٹ کا وژن ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی خدمات کی فراہمی میں بنیادی تبدیلی لانے کے لیے مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ سن شائن انرجی ٹیکنالوجی جیسے عالمی ٹیکنالوجی پارٹنرز کے ساتھ تعاون پاکستان کے ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کے اہداف کو تیز کرے گا اور علم پر مبنی معیشت کے وژن کو سپورٹ کرے گا۔
یہ اقدام جدید مصنوعی ذہانت، بگ ڈیٹا اینالیٹکس اور کلاؤڈ انفراسٹرکچر پر مشتمل محفوظ ڈیجیٹل سروسز انفراسٹرکچر کے ذریعے ای-گورنمنٹ خدمات کو سپورٹ کرے گا۔

یہ تعاون ملک کے اندر ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر (ڈی پی آئی) کی تعمیر پر مرکوز ہے جو متعدد سرکاری اداروں کے لیے ایک محفوظ اور قابلِ توسیع ای-گورنمنٹ کلاؤڈ سروس پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔ اس اقدام سے مرکزی ڈیٹا مینجمنٹ، اداروں کے درمیان محفوظ ڈیٹا شیئرنگ اور فیصلہ سازی و حکمرانی کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت اور بگ ڈیٹا اینالیٹکس کے لیے جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی تعیناتی ممکن ہو گی۔
ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا جائے گا تاکہ مسلسل دستیابی اور فالٹ-ٹالرنٹ آپریشنز یقینی بنائے جا سکیں۔ سرکاری اداروں میں ڈیجیٹل تبدیلی کی سپورٹ کے لیے ایک مکمل پیمانے کا گورنمنٹ کلاؤڈ سروس پلیٹ فارم تیار کیا جائے گا جو اے آئی ورک لوڈز کی تعیناتی کے قابل ہو گا۔ کلاؤڈ اور اے آئی کی صلاحیتوں کے علاوہ، اس میں حکومتی مالیاتی آپریشنز کی سپورٹ کے لیے موبائل پیمنٹ سروسز بھی شامل کی جائیں گی۔
توقع ہے کہ یہ اسٹریٹجک تعاون پاکستان کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو نمایاں طور پر مضبوط کرے گا، ای-گورنمنٹ سروس ڈیلیوری کو بہتر بنائے گا اور سرکاری حکمرانی میں مصنوعی ذہانت اور بگ ڈیٹا اینالیٹکس جیسی جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال کو تیز کرے گا۔ یہ اقدام ملک کے لیے ایک محفوظ، جدید اور ڈیٹا پر مبنی ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی تعمیر کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
تقریب میں این ٹی سی کے سینئر حکام اور سن شائن انرجی ٹیکنالوجی چین کے نمائندوں نے شرکت کی۔ دونوں فریقین نے پاکستان کے سرکاری شعبے میں علم کے تبادلے، استعداد کار میں اضافے اور اے آئی و بگ ڈیٹا حل کے پائلٹ پراجیکٹس کے عزم کا اظہار کیا۔
–



