اسلام آباد: وفاقی حکومت نے فیول سیونگ اور کفایت شعاری کے تحت نافذ کیے گئے متعدد اقدامات واپس لیتے ہوئے سرکاری اداروں میں معمول کے انتظامی امور مکمل طور پر بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری دفاتر میں ایک دن کی اضافی تعطیل ختم کر دی گئی ہے جس کے بعد تمام وفاقی اداروں میں چار کے بجائے پانچ روزہ ورکنگ ویک دوبارہ نافذ ہوگا حکومت نے سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں 50 فیصد کٹوتی اور مختلف محکموں کی 60 فیصد گاڑیوں کی بندش کا فیصلہ بھی واپس لے لیا ہے۔ اس کے علاوہ گریڈ 20 اور اس سے زائد کے افسران کی تنخواہوں سے دو روز کی کٹوتی کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سرکاری محکموں کے اخراجات میں 20 فیصد کمی کا سابقہ فیصلہ منسوخ کر دیا گیا ہے جبکہ وفاقی و صوبائی وزراء مشیروں معاونینِ خصوصی اور گورنرز کے بیرونِ ملک سرکاری دوروں پر عائد پابندی بھی ختم کر دی گئی ہے مزید برآں سرکاری اور نجی اداروں میں صرف 50 فیصد عملے کے ساتھ کام کرنے کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے، جس کے بعد ادارے مکمل افرادی قوت کے ساتھ معمول کے مطابق کام کر سکیں گے حکومت کا مؤقف ہے کہ یہ فیصلے موجودہ انتظامی ضروریات، معاشی سرگرمیوں اور معمولاتِ زندگی کی مکمل بحالی کے پیشِ نظر کیے گئے ہیں



